قومی دفاعی اخراجات

چین کے قومی دفاعی اخراجات میں معتدل اضافہ برقرار رکھا گیا ہے، تھان کھہ فے

بیجنگ (لاہورنامہ) 14 ویں قومی عوامی کانگریس کے پہلے اجلاس میں شریک پیپلز لبریشن آرمی اور مسلح پولیس فورس کے وفد کے ترجمان تھان کھہ فے نے 2023 کے لیے چین کے دفاعی بجٹ کے حوالے سے سوالات کے جوابات دیے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پائیدار اور صحت مند معاشی اور سماجی ترقی کو برقرار رکھتے ہوئے چینی حکومت نے دفاعی اخراجات میں معتدل اضافہ برقرار رکھا ہے اور قومی دفاعی طاقت اور معاشی طاقت میں بیک وقت بہتری کو فروغ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023 میں چین کے قومی دفاع کا بجٹ 1.58 ٹریلین یوآن ہوگا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 7.2 فیصد زیادہ ہے۔

تھان کھہ فے نے کہا کہ چین پرامن ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور دفاعی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ چین اقوام متحدہ کے تحت فوجی اخراجات میں شفافیت کے کے نظام میں فعال طور پر حصہ لیتا ہے اور 2008 سے گزشتہ مالی سال کے لئے سالانہ فوجی اخراجات کی رپورٹ اقوام متحدہ کو پیش کرتا ہے.

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور دیگر فوجی طاقتوں کے مقابلے میں چین کے دفاعی اخراجات ملک کےجی ڈی پی، چین کے قومی مالیاتی اخراجات نیز فی کس قومی دفاعی اخراجات سمیت دیگر حوالوں سے نسبتا کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین کے محدود دفاعی اخراجات صرف قومی خودمختاری، سلامتی اور ترقیاتی مفادات کے تحفظ کے لیے ہیں۔