اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی ،اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے.
نوجوانوں کی اتنی بڑی تعداد کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہے،سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 500 اسکالر شپس دیئے جائیں گے۔
وہ منگل کو ایچ ای سی اسلام آباد میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ تقریب میں یو ایس ایڈ کے تعاون سے ایچ سی اسی کی جانب سے سیلاب متاثرہ علاقوں کے طلبہ و طالبات کے لیے 500 سکالر شپس کا اعلان کیاگیا۔
تقریب میں پاکستان میں امریکا کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے بھی شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو تعلیم کی سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہے،یو ایس ایڈ کی جانب سے طلبہ کے لیے سکالرشپس کا اعلان ایسے ہی نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے ہے،میں500 سکالرشپس سپورٹ کرنے پر یو ایس ایڈکا شکریہ ادا کرتا ہوں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقے تباہ ہو چکے ہیں ایسے میں یہاں کے طلبہ کیلئے اس طرح کے مواقع فراہم کرنا بہت اہم ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان آج قانون سے فرار حاصل کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے عدالتوں کے نوٹسز کا سامنا کیا ہے،سرجری کے باوجود نیب نوٹس پر پیش ہوا۔
مجھے گرفتار کیا گیا، ہماری لیڈر شپ نے بھی تمام عدالتوں کے سمن اور پیشیاں بھگتی ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ عدالتوں اور قانون سے بڑے ہیں ،سپریم کورٹ نے عمران خان کو ڈھیل دی ہے ، وہ سپریم کورٹ کو خاطر میں نہیں لاتے۔ انہوں نے کہا کہ سات ماہ تک انہوں نے بلدیاتی اداروں کی بحالی کے سپریم کورٹ کے آرڈر کو نہیں مانا ۔
انہوں نے کہاکہ جو شخص ہمیں مغربی جمہوریت کے لیکچر دیتا تھا،جو شخص ہمیں بتاتا تھا کہ عدلیہ کا احترام کی ہوتا ہے ،اب دیکھ لیجیے وہ کیسے قانون سے چھپتا پھر رہا ہے ، لوگوں کو بہادر ی کے درس دینے والا عدالت کا سمن وصول نہ کرنے کے لیے غسل خانے میں چھپ جاتا ہے۔