لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لیے جارحانہ انداز برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور آج بدھ کے روز لاہور میں ریلی بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔
ذرائع کا کہنا ہے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے ایک مرتبہ پھر سڑکوں کو گرمانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں عمران خان بدھ کے روز زمان پارک سے داتا دربار تک نکالے جانے والی ریلی کی قیادت کریں گے۔
پی ٹی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ کے انتخابی جلسوں کی خود قیادت کریں گے، اس کے علاوہ عمران خان سندھ کا بھی دورہ کریں گے۔
تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ کے مطابق عمران خان کی زیر قیادت آج بدھ کے روز عدلیہ بچائو پاکستان بچائو ریلی نکالی جائے گی ۔ ریلی زمان پارک سے شروع ہو کر داتا دربار میں اختتام پذیر ہو گی ۔ انہوں نے کہاکہ ریلی آئین و قانون کی حکمرانی اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کے لئے نکالی جارہی ہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں عوام شریک ہوں گے۔