لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو بغیر کسی ایف آئی آر کے اٹھایا جارہا ہے.
اظہر مشوانی سمیت تمام رہنما اور کارکنان مسنگ پرسنز ہیں ،جو پولیس اہلکار آئین و قانون کی خلاف ورزی کر رہے ہیں ہمارے پاس کانسٹیبل سے لے کر آئی جی تک کی تفصیلات موجود ہیں اور انہیں حکومت میں آکر پرقانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہمارے سینکڑوں کارکنوں کو غیر قانونی طور پر اغواء کیا گیا ہے ،چوبیس گھنٹے میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنا ہوتا ہے لیکن پانچ دن گزر گئے ہیں انہیں عدالتوں میں پیش نہیں کیا جارہا ہے .
کسی کارکن کے خلاف کوئی ایف آئی آر نہیں ہے بس ان کو ریاست کے جبر کے تحت اٹھا لیا گیا ہے ۔پنجاب مین امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہے ، جرائم پیشہ لوگ گلی محلوں میں دندناتے پھر رہے ہیں اور آئی جی پنجاب کا زور پی ٹی آئی کے کارکنان کو غیر قانونی اور غیر آئینی طو رپر اٹھانے پر ہے .
پولیس والے گھر وں میں آتے ہیں تو املاک کو نقصان پہنچایا جاتا ہے جب لوگوں کو حراست میں رکھا جاتا ہے تو ان کی جیبیں خالی کر دی جاتی ہیں۔اس پر جب آواز بلند کریں تو پولیس والے کہتے ہیں ہم ریاست ہیں ہمیں کچھ کہیں گے تو آپ غدار ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ مسنگ پرسنز ہیں ، یہ ملک میں کیا ہو رہا ہے ،ملک کوپولیس اسٹیٹ بنا دیا گیاہے ، مارشل لاء میں تو ایسی چیزیں سن رکھی تھیں اب پولیس کو آگے رکھ کر یہ سب کچھ ہو رہا ہے ، ہم متنبہ کرتے ہیں ایک ایک پولیس افسرا ور اہلکار کوحساب دینا پڑے گا .
جب ہماری چھ ماہ کے لئے حکومت آئی تو ہم نے بڑی رعایت کی کہ پولیس نے نا بالغ سوچ والے حمزہ شہباز اور مریم نواز کے دبائو میں ظلم کر دیا گیا ہو گا ،لیکن اب نام لے کر بتائیں ان پر کس کا دبائو ہے ، ہم غیر قانونی اقدامات کرنے والے تمام پولیس افسران کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے .
ہمارے پاس کانسٹیبل سے لے کر آئی جی تک تمام افسران کی تفصیلات موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پولیس والے اپنے گھر والوں کے سیاسی خیالات پوچھ لیں تو انہیں بھی گرفتارکرنا پڑے گا ۔