اسلام آباد (لاہورنامہ)اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی۔
ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق 19 اپریل کو سماعت کریں گے، عمران خان کی نااہلی کے خلاف پٹیشن واپس لینے کی متفرق درخواست پر بھی سماعت ہو گی۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو بطور رکن اسمبلی نااہل قرار دے کر ڈی سیٹ کیا تھا۔
عمران خان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن کو میانوالی نشست پر الیکشن کرانے سے روک دیا تھا۔عمران خان نے نااہلی کے خلاف پٹیشن واپس لینے کے لیے متفرق درخواست بھی دائر کر رکھی ہے۔
عدالت نے پٹیشن واپسی کی درخواست پر شکایت کنندہ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔لاہور ہائی کورٹ میں اسی نوعیت کی درخواست کے باعث پٹیشن واپسی کی متفرق درخواست دائر کی گئی تھی۔