اسلام آ با د (لاہورنامہ)1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں ریڈیو پاکستان اور چائنا میڈیا گروپ کی اشتراک سے رمضان کرکٹ فیئسٹا 2023 اختتام پذیر ہو گیا ۔رمضان کرکٹ فیئسٹا کے فائنل میچ میں سکورپیئن نائٹس نے سپورٹس ایف ایم 94 کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 وکٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
ڈایریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان محمد طاہر حسن نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد 1973 کے آئین کی گولڈن جوبلی تقریبات کا حصہ تھا ۔ انہوں نے ایف ایم 98 دوستی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کے آفیشل میڈیا پارٹنر چائنا میڈیا گروپ، ایف ایم 98 دوستی چینل کی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی اور میڈیاکوریج کو سراہا۔
اس موقع پر پاکستان کے کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس مقبول احمد گوندل نے ٹورنامنٹ میں مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین کی کرکٹ ٹیموں کی بھرپورشرکت کے اقدام کو خوب سراہا۔ ایف ایم 98 دوستی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت مند سرگرمیاں اچھے معاشرے کو تشکیل دینے میں نمایاں کردار ادا کرتی ہیں۔
میچ کی اختتامی تقریب میں سکورپیئن نائٹس کے کپتان کو ووننگ ٹرافی دی گئی جبکہ سپورٹس ایف ایم 94 کے کپتان نے رنر اپ ٹرافی وصول کی۔اس موقع پر ایف ایم 98 دوستی چینل کی ٹیم کو ٹورنمنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر خصوصی شیلڈ دی گئی۔یہ شیلڈ ایف ایم 98 کے اسٹیشن مینیجر طاہر محمود نے وصول کی۔
واضح رہے کہ رمضان کرکٹ فیئسٹا کے آفیشل میڈیا پارٹنر ایف ایم 98دوستی چینل کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 میچز میں فتح اپنے نام کی۔
ٹورنمنٹ میں کل ٹیموں 12 ٹیموں نے شرکت کی۔ریڈیو پاکستان رمضان کرکٹ فیئسٹا 2023 آئین پاکستان کی گولڈن جوبلی تقریبات کا حصہ تھا۔ایف ایم 98 دوستی چینل چائنا میڈیا گروپ نے اس ایونٹ میں بطور آفیشل میڈیا پارٹنر کے شرکت کی۔