لاہور (لاہورنامہ) لاہور ہائیکورٹ نے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حفاظتی ضمانت کا تحریری حکم جاری کردیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے عمران خان کی حفاظتی درخواست ضمانت کا تحریری حکم جاری کیا۔تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق 19مارچ کو وقوعہ ہوا جبکہ مقدمہ 6اپریل کو درج کیا گیا، قانون کے مطابق درخواست گزار نے متعلقہ عدالت پیش ہونا ہے۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو 26اپریل تک حفاظتی ضمانت دی جاتی ہے، متعلقہ تاریخ گزرنے کے بعد اس حکم کے قانونی اثرات ہوں گے۔
یاد رہے کہ جمعہ کے روز لاہور ہائیکورٹ نے تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں سابق وزیراعظم عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔واضح رہے کہ عمران خان کی جانب سے تھانہ رمنا اسلام آباد میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت کی درخواست لاہو ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی، جس میں مقدمہ مدعی منظور احمد کو فریق بنایا گیا تھا۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان پرغداری سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اور ان پر خلاف قانون مقدمہ درج کیا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت عمران خان کی حفاظتی ضمانت منظور کرے، عدالت متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کے لئے مناسب وقت فراہم کرے۔