کشیدگی کا خاتمہ

پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی کا خاتمہ چاہتا ہے ، ہم نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی کا خاتمہ چاہتا ہے ، پاکستان نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ، پلوامہ واقعہ سے متعلق بھارت کی جانب سے ٹھوس شواہد کا انتظار ہے ، پلوامہ واقعہ کی تحقیقات کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے ، پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لئے پرعزم ہے ۔ منگل کو بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے کو اپنے انٹرویو میں وزیر اطلاعات نے کہاکہ کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن کسی پریشر کا نہیں بلکہ نیشنل ایکشن پلان اور نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر پیشرفت کانتیجہ ہے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ پاکستان اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ا نہوں نے کہاکہ ہم خطہ بھر میں امن کے خواہاں ہیں۔ دنیا دیکھ رہی ہے کون امن کے لیے کھڑا ہے اور کون جنگی جنون کو ہوادے رہا ہے۔ کشمیریوں کے ساتھ ہمارا خون کا رشتہ ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ ہم نے جس طریقے سے بھارتی پائلٹ واپس کیا ،بھارت نے اس کے برعکس شاکر اللہ کی لاش پاکستان واپس بھیجی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کو اپنامحاسبہ کرنا چاہئے ،بھارتی افواج کے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بہت بڑا مسئلہ ہیں۔ فواد چوہدری نے کہاکہ پلوامہ واقعہ سے متعلق بھارت کی جانب سے ٹھوس شواہد کا انتظار ہے۔ بھارت سے شواہد مانگنا بھی بھارت میں ایک مسئلہ بن جاتا ہے۔وزیراطلاعات نے کہاکہ ہم قانون کی حکمرانی پر یقین رکھنے والا معاشرہ ہیں، آگے بڑھنے کے لیے شواہد کی ضرورت ہے۔