لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اورمسرت جمشید چیمہ کے صاحبزادے نے والدین کی رہائی کیلئے عدلیہ سے اپیل کر دی۔
کمسن آرش جمشید چیمہ والدین کی رہائی کیلئے اعلیٰ عدلیہ سے اپیل کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گیا ۔ اپنے ویڈیو بیان میں آرش جمشید نے کہا کہ 11مئی کی رات کو میرے والدین کو گرفتار کر کے اڈیالہ جیل میں قید کیا گیا ،اتنے روز گزرنے کے باوجود ہمیں ملاقات کرنیکی اجازت نہیں دی جارہی.
ہمارے گھر پر بھی سول اور وردی میں ملبوس اہلکاروں نے بھاری اسلحے کے ساتھ چھاپہ مارا،صحت کی پیچیدگی سے دوچار میرے بھائی کو اٹھایاگیا ، ہم دونوں بھائیوں کی ویڈیو بنائی گئی۔
آرشد جمشید نے کہا کہ یہ تک معلوم نہیں ہو رہا والدین کس حال میں ہیں اور ان سے کیا سلوک روا رکھا جارہا ہے ،ہمارے ذہنوں میں طرح طرح کے خدشات جنم لے رہے ہیں ، میں رات کو سو نہیں سکتا، پولیس کاچھاپہ اور والدین کی صورت آنکھوں کے سامنے آ جاتی ہے۔
بتایا جائے میرے والدین کا قصور کیا ہے ، ان سے ملاقات کی اجازت کیوں نہیں ہے۔آرش جمشید نے نم آنکھوں سے سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس کے ججز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدین کو رہا کرایا جائے ۔