پیٹرولیم قیمتوں میں کمی

امید ہے حکومت پیٹرولیم قیمتوں میں کمی کے تسلسل کو جاری ر کھے گی،اشرف بھٹی

لاہور(لاہورنامہ) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی پراظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کہ حکومت اس تسلسل کو جاری رکھے گی جس سے مہنگائی میں بھی نمایاں کمی ہونے سے پسے ہوئے طبقات کو ریلیف ملے گا.

بجلی، گیس اورپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں معیشت کاپہیہ سست کررہی ہیں اس لئے انہیں کم کر کے منجمد کرنے کی ضرورت ہے ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ آئی ایم ایف کو قائل کیا جائے حکومت اس کی بہت سی کئی کڑی شرائط مان چکی ہے اور پاکستان کی معیشت اس کی مزید شرائط ماننے کی متحمل نہیں ہو سکتی ۔

حکومت آئی ایم ایف کو مہنگائی کرنے کی بجائے ٹیکسیشن کے نظام میں اصلاحات کے ذریعے اپنی آمدن میں اضافے کی یقین دہانی کرائے ،جو شعبے ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں انہیں ٹیکس نیٹ میں لایا جائے نہ کہ پیٹرولیم ، بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھائی جائیں جس سے پیداواری لاگت بڑھتی ہے اورمہنگائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ ٹیکس کی عمومی شرح میں بھی کمی کی جائے جس سے یقینی طور پر ٹیکس آمدن میں اضافہ ہوگا۔