بیجنگ (لاہورنامہ) 21 مئی کو کمیو نسٹ پارٹی آف چائنا کے جنرل سیکریٹری ، چین کے صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے شنگھائی کی ہونگ کھو ڈسٹرکٹ کے جیا شنگ روڈ پر کچرے کی چھانٹی کا کام کرنے والے رضاکاروں کو جوابی خط بھیجا اور کوڑا کرکٹ کی درجہ بندی کو فروغ دینے کے حوالے سےاپنی توقعات کا اظہار کیا ۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ کچرے کی درجہ بندی اور اسے وسائل کے طور پر استعمال کرنا ایک بڑا منصوبہ ہے ، جس کے لیے معاشرے کے تمام حلقوں کی مربوط کوششوں اور شہروں اور دیہات میں رہنے والوں کی فعال شرکت درکارہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی ہےکہ رضاکار نچلی سطح کی حکمرانی میں اپنےمنفرد کردار کو بروئے کار لاتے رہیں گے اور اس کام کی تشہیر اور لوگوں کی رہنمائی کے لیے تہہ دل سے کام کریں گےتاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس عادت کو اپنائیں اور یہ کم کاربن والی زندگی کا نیا رجحان بن جائے ، جس سے پورےمعاشرے میں حیاتیاتی تمدن کا معیار بہتر بنایا جا سکے.
شی جن پھنگ ،چین میں کوڑے کرکٹ کی درجہ بندی اور اسے وسائل کے طور پر استعمال کو بے حد اہمیت دیتے ہیں اوراس حوالے سے کئی مواقع پر اہم ہدایات دے چکے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ، چین میں کچرے کی چھانٹی اور درجہ بندی کا کام بخوبی جاری ہے .
پریفیکچر کی سطح سے اوپر 297 شہروں میں گھریلو کوڑے کرکٹ کی درجہ بندی کو مکمل طور پر نافذ کیا گیاہے اور ہاوسنگ سوسائٹیز میں کچرے کی درجہ بندی کی کوریج کی اوسط شرح 82.5فیصد تک پہنچ گئی ہے۔