لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر وقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے سابق وزیر عظم محمد نوازشریف کی صحت پر سخت تشویش اور فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی تاخیر، غفلت اور مجرمانہ لاپرواہی کے ذمہ دار عمران نیازی اور ان کی حکومت ہوگی۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا علاج نہ کرنا جرم ہے،ایک بیمار شخص کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا صرف کم ظرفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزرا ءای سی ایل میں نام ہونے کے باوجود بیرون ملک جاسکتے ہیں لیکن ملک کو جوہری طاقت بنانے والے کو علاج گاہ لے جانے کی اجازت نہیں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے ملک کو ترقی دی ، دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ، نواز شریف پاکستان کا فخر ہے ۔اپنے بنائے ہوئے میڈیکل بورڈز کی رائے نہ ماننا حکومت کی بد نیتی اور اخلاقی پستی ظاہر کرتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ پہلے ہی تاخیر ہوچکی ہے لہٰذانوازشریف کو بلاتاخیر عارضہ قلب کی تمام سہولیات رکھنے والی علاج گاہ منتقل کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی تاخیر، غفلت اور مجرمانہ لاپرواہی کے ذمہ دار عمران نیازی اور ان کی حکومت ہوگی۔