بڑھتی ہوئی مہنگائی

بڑھتی ہوئی مہنگائی سے موجودہ تنخواہوں میں گزارہ ممکن نہیں، گل نواز خان سواتی

لاہور(لاہورنامہ)این ایل ایف کے رہنما میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور ایمپلائز یونین سی بی اے خدمت گروپ کے صدر گل نواز خان سواتی نے کہا ہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، آسمان سے باتیں کرتی اشیاء خوردو نوش اور اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کی وجہ سے موجودہ تنخواہوں میں گزارہ ممکن نہیں۔

ہر شخص مقروض ہو چکا ہے۔ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فی صد اضافے کا اعلان کرے۔جو ہمارے بھائی ریٹائر ہو چکے ہیں اور پینشن پر گزارہ کررہے ہیں ان کی پینشن میں بھی اضافہ کیا جائے تاکہ وہ عمر کے آخری حصہ میں باعزت زندگی گزار سکیں۔

الیکشن جیتنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ ریٹائرڈ ھونے ملازمین کو ہم ریٹائرمنٹ کے دن بقایاجات کے چیک لے کر دینگے۔ ہم نے وہ وعدہ پورا کردیا ہے اور آئندہ بھی کاربند رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزٹاؤن ہال میں ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کے مہمان خصوصی مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر، سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے بلال یاسین، سابق ایم پی اے ملک وحید، میاں حمزہ مصطفےٰ، ملک فیصل،ملک اعظم،انیس خان لودھی اور این ایل ایف لاہور کے صدر ملک عدنان و دیگر موجودتھے۔

اس موقع پر محمد احمد اور گل نواز خان سواتی نے ایک بار پھر اپنے دیرینہ مطالبات چارٹرڈ آف ڈیمانڈ اعزازیہ اور رسک الاؤنس کامطالبہ دہرایا۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے مطالبات لاہور کی سینئر قیادت کے سامنے رکھ دیے ہیں۔لاہور کے سینئر قیادت نے ہمارے مطالبات حل کروانے کا وعدہ کیا ہے۔

خدمت گروپ ایم سی ایل ایمپلائز یونین سی بی اے کے قائدین نے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی محکمہ کے لئے خدمات کا سراہا اور ان کے لئے دعا خیر کی جبکہ مہمانان خصوصی نے ملازمین کو گفٹ پیک دیئے۔