ریگستانی کنٹرول

چین کے انسداد ریت اور ریگستانی کنٹرول نے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں، شی جن پھنگ

بیجنگ (لاہورنامہ)کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری شی جن پھنگ نے چین کے اندرونی منگولیا خود اختیار علاقے میں بیانور علاقے کا معائنہ کیا اور "تھری نارتھ” جیسے اہم ماحولیاتی منصوبوں کی تعمیر کو فروغ دینے اور ریت کی روک تھام اور کنٹرول کو مضبوط بنانے سے متعلق ایک سمپوزیم کی صدارت کی۔

شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں ذمہ داری اور بہادری کے ساتھ خدمات انجام دیتے ہوئے مشکلات کے باوجود مسلسل محنت کی بدولت نئے عہد میں چین میں ریت کے انسداد و کنٹرول کا نیا معجزہ تخلیق کرنے کے لئے جدو جہد کرنی ہوگی۔

صدر شی نے کہا کہ گزشتہ چالیس سال سے زائد کی مسلسل کوششوں کے بعد، چین کے انسداد ریت اور ریگستانی کنٹرول کے کام نے زبردست کامیابیاں حاصل کی ہیں جنہوں نے دنیا بھر کی توجہ اپنی طرف مبذول کرائی ہے۔اس کی مناسبت سے اہم علاقوں میں تاریخی تبدیلی حاصل کی گئی ہے اور صحرائی علاقوں کی معاشی اور سماجی ترقی اور ماحولیاتی تحفظ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے .

شی جن پھنگ نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ پہاڑوں ، جنگلات، کھیتوں، جھیلوں، گھاس اور ریت کے مربوط تحفظ اورانتظام کو مضبوطی سے فروغ دیا جائے۔ سائنسی طور پر ریت کے کنٹرول پر عمل کرنا اور صحرائی ماحولیاتی نظام کے معیار اور استحکام کو جامع طور پر بہتر بنانا ضروری ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وسیع پیمانے پر بین الاقوامی تبادلوں اور تعاون کے تحت صحرا کے پھیلاو کا مقابلہ کرنے کے لئے اقوام متحدہ کے کنونشن پر عمل درآمد کیا جائے ، عالمی صحرائی ماحولیاتی انتظام میں فعال طور پر حصہ لیا جائے.

خاص طور پر ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون کو مضبوط بناتے ہوئے "بیلٹ اینڈ روڈ” سے وابستہ ممالک میں صحرا کے پھیلاو پر قابو پانے کے لیے مشترکہ کوشش کی جائے اور پالیسی ڈائیلاگ اور معلومات کے تبادلے کے لئے مختلف ممالک کی رہنمائی کی جائے تاکہ ریت اور دھول کی آفات سے مشترکہ طور پر نمٹا جا سکے ۔