اسلام آباد (لاہورنامہ)وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی قیادت میں معاشی ٹیم نے ملاقات کی جس میں معاشی ٹیم نے وزیرِ اعظم کو اقتصادی سروے برائے مالی سال 2022ـ23 پیش کیا ۔
وزیر اعظم نے معاشی ٹیم کی گزشتہ ایک برس میں ملکی معیشت کے استحکام اور ترقی کیلئے کوششوں کو سراہا اور کہاکہ گزشتہ حکومت کے چھوڑے گئے معاشی چیلنجز اور تاریخی سیلاب کے باوجود معاشی ٹیم کی ملکی معیشت کیلئے خدنات قابلِ ستائش ہیں۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں حکومت زرعی شعبے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جدت پر خطیر سرمایہ کاری کرے گی۔ وزیر اعظم نے کہاکہ چھوٹے کسانوں کو اعلی معیار کا بیج اور خودکار زرعی مشینری سے لیس کیا جائیگا۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ آئندہ بجٹ میں چھوٹے کسانوں کیلئے بلاسود قرضوں کے پروگرام میں توسیع کی جائے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ فی ایکڑ ذیادہ پیداوار حاصل کرنے والے کسانوں کو حکومت انعام سے بھی نوازے گی۔ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ مملکت ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معاونین خصوصی طارق باجوہ، طارق پاشا اور وزارت خزانہ کے اہلکاروں نے شرکت کی۔