لاہور (لاہورنامہ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں43 ویں سپیشلائزڈ ڈپلومیٹک کورس کے شرکا نے ڈائریکٹر پروگرام فارن سروس اکیڈمی فوزیہ فیاض احمد کی قیادت میں ملاقات کی۔
اس موقع پر سپیشل سیکرٹری ٹو گورنرپنجاب عمر سعید بھی موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ فارون سروس اکیڈمی عالمی سطح پر رسائی کے ساتھ ایک اہم ادارہ ہے جو نہ صرف ملکی بلکہ غیر ملکی سفارتکاروں کو بھی تربیت دے رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اکیڈمی میں آپ کا کورس آپ کی سفارتی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد کرے گا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ نے مختلف ممالک میں پاکستان کے لیے خدمات سر انجام دینی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بطور سفارتکار سفارت خانوں میں پاکستانیوں کے مسائل حل کرنا اور پبلک سروس ڈیلیوری آپ کی ترجیح ہونی چاہیے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سفارتکار اکنامک ڈپلومیسی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اکنامک ڈپلومیسی کے ذریعے ملک کی تجارت اور برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ دور میں ٹیکنالوجی کا استعمال اور ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنا بہت ضروری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ جو افسران اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دیتے ہیں وہ عزت اور شہرت کماتے ہیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ زندگی آپ کو دوراہے پر لائے گی جہاں آپ کو ایک راستہ منتخب کرنا ہو گا۔اس وقت آپ کو مشکل کے باوجود صحیح راستے کا انتخاب کرنا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ صحیح راستہ کٹھن ضرور ہوتا ہے لیکن دائمی کامیابی اسی میں ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے فارن سروس کے افسران کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔