مسلم لیگ نون انٹرا پارٹی الیکشن

مسلم لیگ نون انٹرا پارٹی الیکشن ، شہباز شریف بلا مقابلہ صدر ، مریم نواز سینئر نائب صدر منتخب

اسلام آباد(لاہورنامہ) وزیراعظم شہباز شریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلا مقابلہ صدر ،مریم نواز چیف آر گنائزرو سینئر نائب صدر،احسن اقبال سیکرٹری جنرل ، مریم اور نگزیب سیکرٹری اطلاعات ، اسحق ڈار سیکرٹری فنانس اور عطاء تارڑ ڈپٹی سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن کا اجلاس مسلم لیگ (ن )کے سیکرٹریٹ چک شہزاد اسلام آباد میں منعقد ہوا۔مقررہ مدت میں صدر مسلم لیگ (ن )کیلئے میاں محمد شہباز شریف کیلئے 6 کاغذات نامزدگی جمع ہوئے۔ان کے تجویز اور تائید کنندگان میں مرتضیٰ جاوید عباسی،ملک ابرار احمد، شاہ غلام قادر،راجہ فاروق حیدر خان ،حیدر خان اچکزئی،میاں ضیاء الرحمن ،ملک سیف الملوک کھوکھر ،سینیٹر عباس آفریدی اور دیگر شامل تھے۔

سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر کیلئے مریم نواز شریف کے تین کاغذات نامزدگی موصول ہوئے۔ان کے تجویز اور تائید کنندگان میں خواجہ محمد آصف ،ایم این اے زیب جعفر ، پروفیسر سجاد احمد،خالد حسین شیخ ،ڈاکٹر درشن،ڈاکٹر مہر لیاقت شامل تھے۔اسی طرح سیکرٹری جنرل کیلئے چوہدری احسن اقبال کے دو ،صدر اوورسیز و بین الاقوامی امور اور سیکرٹری فنانس کیلئے سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے دو،سیکرٹری اطلاعات کے لیے مریم اورنگ زیب اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل کے لیے عطا اللہ تارڑ کے ایک ایک کاغذات نامزدگی وصول پائے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن )کے انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے سردار محمد یوسف کو چیئرمین الیکشن کمیشن مقرر کیا گیا ۔ممبران میں بیگم عشرت اشرف،سید شاہ محمد شاہ،بیرسٹر عثمان ابراہیم اور جمال شاہ کاکڑ شامل تھے بعد ازاں الیکشن کمیشن کا اجلاس سردار محمد یوسف کی زیر صدارت ہوا۔ہر عہدے کیلئے ایک ہی امیدوار ہونے کی وجہ سے تمام امیداور بلامقابلہ منتخب قرار پائے۔

چیئرمین الیکشن کمیشن مسلم لیگ (ن )سردار محمد یوسف نے نو منتخب عہدیداروں کا اعلان جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت میں مسلم لیگ نے پاکستان بنایا تھا اور نوازشریف کی قیادت میں اس کو سنوارا ہے،اس لیے بجا طور پر کہا جا سکتا ہے کہ نواز شریف معمار پاکستان ہیں۔

انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے پاکستان کو ترقی کے راستے پر ڈالا،ایک سازش کے تحت ترقی کا یہ راستہ روکا گیالیکن اب وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں ترقی کا یہ سفر پھر جاری و ساری ہے۔انھوں نے نو منتخب صدر میاں محمد شہباز شریف، سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز شریف ،محمد اسحاق ڈار،چوہدری احسن اقبال،مریم اورنگ زیب اور عطاء اللہ تارڑ کو مبارک باد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ انتخاب ملک اور قوم کیلئے مبارک کا باعث ہو گا۔

بعد ازاں مسلم لیگ (ن )کی نو منتخب سیکرٹری اطلاعات اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ (ن )کی سیکرٹری اطلاعات منتخب ہونا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، ہم پاکستان کو مشکل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ مریم اور نگزیب نے بتایا کہ نومنتخب سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے جنرل کونسل اجلاس میں قرارداد پیش کی،قرارداد میں قائد مسلم لیگ (ن )محمد نواز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا،قرارداد میں پارٹی صدر محمد شہباز شریف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ قرارداد میں مقبوضہ کشمیر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا،قرارداد میں 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی گئی،قرارداد میں شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔