راولپنڈی (لاہورنامہ)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چینی چیف آف جوائنٹ اسٹاف ڈپارٹمنٹ جنرل لیو ڑینلی سے ملاقات کی۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا 18 تا 22 جون چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان جاری دو طرفہ دفاعی تعاون پر گفتگو ہوئی۔
اس موقع پر جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ پاک چین دوستی قابل قدر ہے اور اس کی جڑیں عوام کے دلوں میں گہری ہیں۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے فوجی تعلقات ہر طرح کی آزمائش سے نبرد آزما ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی اور تربیتی شعبوں میں بھی اعلیٰ سطح کے تعاون میں بہتری آئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے چین کی سول اور ملٹری قیادت سے بھی ملاقاتیں کیں۔جنرل ساحر شمشاد نے چینی اسٹیٹ قونصلر، وزیر خارجہ اور دیگر اہم فوجی و سرکاری عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے ہر طرح کے حالات میں دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات استوار کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔