اسلام آباد (لاہورنامہ)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے عالم اسلام کے مذہبی احساسات اور جذبات مجروح ہوئے ہیں، اشتعال انگیزی کے واقعات کی روک تھام تمام ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کی ذمہ داری ہے۔
جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم احترام، رواداری اور مذہب کی آزادی کے اصولوں پر پختہ یقین رکھتے ہیں، اس طرح کے اقدامات نہ صرف افراد کے بنیادی حقوق اور وقار کو مجروح کرتے ہیں بلکہ معاشروں میں تقسیم اور نفرت کی وجہ بھی بنتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مذاہب کا احترام اور اپنے عقیدے پر عمل کرنے کی آزادی ایک ہم آہنگ اور جامع معاشرے کا بنیادی ستون ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب سے امتیازی سلوک یا نفرت ان اقدار کے منافی ہے اور اس کی واضح مذمت کی جانی چاہیے۔