لاہور ( لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر کی قیادت میں وفد نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین کی رہائش گاہ جا کر ان کے بھائی عالمگیر ترین کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔
لیگی وفد میں سابق اراکین اسمبلی غزالی سلیم بٹ، چوہدری شہباز، رمضان بھٹی سمیت دیگر شامل تھے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے (ن) لیگ لاہور کے صدر ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ جہانگیر ترین کے بھائی کے انتقال پر اظہار افسوس کے لئے آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب معاہدے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ چیئرمین پی ٹی آئی اسرائیلی ایجنڈے پر کام کر رہا تھا جب گرفتار کیا گیا تو چند لوگوں نے شرپسندی کی ۔2018ء میں الیکشن چوری ہوا تھا اور چوری کرنے والے سزا بھگت رہے ہیں ۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ رانا مشہود میرے بھائی ہیں، میرے ان کے والد کے ساتھ بھی اچھے تعلقات تھے ، مسلم لیگ (ن) کا ہر ورکر اپنی قیادت کے نزدیک ہے ۔جبکہ پنجاب مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے ۔
نواز شریف جب بھی واپس آئیں گے تو ملکی تاریخ میں ایسا استقبال ہو گا کہ کبھی کسی نے دیکھا نہیں ہو گا ۔ ایک سوال کے جواب میں سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی سمیت کسی سے بھی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔