محمد جاوید قصوری

تمام مسلم ممالک، سویڈن کا سفارتی،تجارتی اور اخلاقی بائیکاٹ کریں، محمد جاوید قصوری

لاہور(لاہورنامہ)ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کی جانب سے ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، امن و امان اور سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے دل خراش واقعے خلاف اہم اجلاس صوبائی دفتر جماعت اسلامی منصورہ ملتان روڑ پر منعقد ہوا، اجلاس کی صدارت ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی کے صدر محمد جاوید قصوری نے کی۔

اجلاس میں مختلف مکا تب فکرکے علما ئے کرام اور مذہبی رہنماؤں نے ملی رواداری کے فروغ اور فرقہ واریت کے خلاف عزم کا اعادہ کیا اور اس بات پر زور بھی دیا کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر سویڈن میں پیش آنے والے واقعے کے خلاف بھر پور آواز اٹھائے۔ محض کاغذی کارروائی کی بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔

اجلاس میں علامہ امتیاز عباس کاظمی،بابا محمد شفیق بٹ،مولانا مختار احمد خان سواتی، عبد المجید،حافظ کاظم رضا نقوی،قاسم علی قاسمی،حافظ امجد اقب گھمن،نثار احمد ترمذی،علی رضا نقوی،مولانا عبد المالک حیات،حسن فاروق،قاری عبد الشکور،پیر خرم امین چشتی،قاری غلام یاسین تبسم،علامہ علی اکبر کاظمی، محمد فاروق چوہان،نوید احمد زبیری،مفتی محمد عمر، آصف چوہدری و دیگر بھی موجود تھے۔

اجلاس میں پارہ چنار اور ژوب چھاونی پر دہشت گردی کے واقعے میں 12 جوانوں کی شہادت کی شدید مذمت کی گئی۔ ملی یکجہتی کونسل پنجاب کے صدر محمد جاوید قصوری کا اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں کہنا تھا کہ ملی یکجہتی کونسل کا مقصد امت مسلمہ کو قدر مشترک پر اکٹھا کرنا ہے۔ امت اسلامی اسی وقت وجود میں آسکتی ہے جب مسلمان قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کریں۔

صرف اور صرف آپسی مضبوط و مستحکم تعلقات ہی بدامنی، دہشت گردی اور عدم استحکام کی تمام سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سامراجی قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لئے مسلسل سازشوں میں مصروف عمل ہیں ان حالات میں جو لوگ ملک میں فرقہ واریت اور انتشار کی فضا قائم، توہین اور تکفیر کر ر ہے ہیں وہ اسلام کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی بڑی خیانت کر ر ہے ہیں۔

پاکستان کے استحکام کو سب سے بڑا نقصان فرقہ واریت دے سکتی ہے اس دور میں بین المسالک ہم آ ہنگی کے لئے کام کرنا جہاں اسلام کی خدمت ہے وہاں وطن عزیز پاکستان کے استحکام کے لئے اشد ضروری ہے۔ ملی یکجہتی کونسل کو چا ہے کہ اہل بیت اطہار ع اور صحابہ کرام کی تو ہین کرنے والے شرپسند عناصر کے مقابلے میں ایک ہوکر کھڑے ہو جائیں.

پاکستان کے دشمنوں کی سازشوں کو پاؤں تلے روند کر اور ان کی ناپاک آرزو کو خاک میں ملا کر ہا تھوں میں ہا تھ دے کر آپس میں لڑنے کی بجائے امت واحدہ کے قرآنی تصور کو اپنے اتحاد کے ساتھ عملی طور پر اجاگر کریں۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پنجاب حکومت کو سرکاری ملازمین کا حق مارنے نہیں د یں گے۔

ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن وفاق اور دیگر صوبوں کے برابر کی جائیں۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل علامہ نصیر احمد نورانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر محض مذمت کافی نہیں، ضرورت اس امر کی ہے مستقل بنیادوں پر تمام مسلم ممالک کے حکمران بائیکاٹ کریں۔