اقوام متحدہ(لاہورنامہ)اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس اور یوکرین کے درمیان تنازع پر ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا۔ اقوام متحدہ میں چین کے نائب مستقل مندوب گنگ شوانگ نے کہا ہے کہ جنگ یوکرین بحران کا حل نہیں اور بین الاقوامی برادری کو اس بحران کے سیاسی تصفیے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
چینی مندوب نے کہا کہ اس بحران نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ مطلق سلامتی کے حصول اور فوجی گروہوں کو وسعت دینے کی فرسودہ سوچ اور خطرناک طرز عمل نہ صرف یورپ بلکہ پوری دنیا میں افراتفری اور بدامنی کا باعث ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوکرین کے معاملے پر چین کا ہمیشہ یہ موقف رہا ہے کہ تمام ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا تحفظ کرتے ہوئے تمام ممالک کے جائز سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھا جانا چاہیے اور بحران کے پرامن حل کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کی جانی چاہیے۔
گنگ شوانگ نے کہا کہ چین، بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر یوکرین کے مسئلے کے سیاسی حل کے فروغ کے لئے مسلسل کوشاں رہے گا ۔
چینی نمائندے نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جوہری تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور جوہری حادثات سے بچنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ چین عالمی اناج مارکیٹ کو مستحکم کرنے میں بحیرہ اسود کی بندرگاہوں سے زرعی مصنوعات کی برآمد کے معاہدے کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریق مذاکرات اورمشاورت کے ذریعے اس مسئلے کو مناسب طریقے سے حل کریں گے۔