یونیورسٹی آف سرگودھا

یونیورسٹی آف سرگودھا میں سکل ڈویلپمنٹ پروگرام سیشن2023کا آغاز

سرگودھا (لاہورنامہ) یونیورسٹی آف سرگودھا میں کیریئر ڈویلپمنٹ سنٹرکے زیرِ اہتمام سکل ڈویلپمنٹ پروگرام سیشن2023کا آغاز ہو گیا۔ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت مختلف تربیتی نشستوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن کا مقصد طلبہ کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو نکھارنے کے علاوہ ان کی شخصی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہے۔

یہ سیشز طلبہ کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے منعقد کیے جا رہے تاکہ نوجوان تعلیم مکمل کرنے کے بعد باوقار روزگار کا حصول یقینی بنا سکیں۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت انگلش لینگویج، گرافِکس ڈیزائن، ڈیجیٹل لٹریسی، فری لانسنگ، ای کامرس، کیرئیر کونسلنگ، پلیسمنٹ سکلز، انٹرپرینیورشپ اور آئی ای ایل ٹی ایس کی تیاری کے پروگرامز شامل ہیں۔

18 جولائی 2023 سے شروع ہونے والے سیشنز 10 اگست 2023 تک مرحلہ وار جاری رہیں گے۔ ہر سیشن تین سے چار روز پر مشتمل ہے جن میں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ سیشنز میں شرکت کرنے والے طلبہ کو اعزازی اسناد بھی دی جائیں گی۔

سکل ڈویلپمنٹ پرگرام کے تحت پہلا سیشن انگلش لینگوئج کورس سے متعلق منعقد ہوا جس میں لیکچرر انگلش ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر بریرہ نذیر نے انفرادی و اجتماعی سرگرمیوں کے ذریعے طلبہ کو انگریزی زبان بولنے، لکھنے اور پیشہ ورانہ اندازِ تحریر کی تربیت فراہم کی۔

دوسرے سیشن میں انٹرپرینیورشپ کے حوالے سے آگاہی دیتے ہوئے انچارج وحید وائیں انکیو بیشن سنٹر سلمان سحسین پراچہ نے کہا کہ نوجوانوں کو نوکری کا انتظار کرنے کی بجائے انٹرپرینیورشپ کی جانب رُخ کرنا چاہیے تاکہ ملک میں روزگار کے مواقع بڑھائے جاسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ کوئی کاروبار شروع کرنے کی خواہش رکھتے ہیں تو اس کو صرف خواب تک محدود رکھنے کے بجائے حقیقت بنانے کے لیے آج سے ہی آغاز کریں۔