قومی دھارے

حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے،مسرت جمشید

لاہور: تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے مختلف منصوبوں پر عمل پیرا ہے ، خواتین کے حقوق اور تشدد کے خلاف موجود قوانین کو مزید موثر بنا کر ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ،معاشرے میں مقام حاصل کرنے کےلئے خواتین کو تعلیم کے حصول پر خصوصی توجہ دینا ہو گی ۔ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے اپنے بیان میں مسرت چیمہ نے کہا کہ خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کردار ادا کر کے ملک کی ترقی میںاپنا اہم کردار ادا کر رہی ہیں لیکن یہ شرح آبادی کے تناسب سے انتہائی کم ہے جسے بڑھانے کی ضرورت ہے اور حکومت اس کےلئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔ دنیا کے جتنے بھی ممالک نے ترقی کی منازل طے کی ہیں اس میں وہاں کی خواتین کا انتہائی اہم کردار ہے اور انشا اللہ ہم بھی اس ماڈل کی پیروی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کرنا ہو گی جس سے انہیں عملی زندگی میں نہ صرف آگے بڑھنے کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ وہ ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے بھی قابل ہو سکیں گی ۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے منشور میں شامل ہیں کہ ہم نے خواتین کو قومی دھارے میں شامل کرنا ہے اور اس کےلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں ۔ حکومت خواتین کو اپنا کاروبار شروع کرنے کےلئے آسان شرائط پر قرض دینے کی سکیم شروع کرے گی جبکہ دیگر شعبوں میں بھی برابر کی نمائندگی دی جائے گی۔