پولیس کالج سہالہ

چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیورو سارہ احمد کی پولیس کالج سہالہ میں آمد

لاہور (لاہورنامہ)چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیورو سارہ احمد نے پولیس کالج سہالہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بے وسیلہ بچوں کی بازیابی، ریسکیو اور حفاظت کے حوالے سے پنجاب بھر میں تعینات 500 ایس ایچ اوز کو خصوصی لیکچر دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیورو سارہ احمد نے کہا کہ بچوں کی حفاظت، بازیابی اور حقوق کی حفاظت کے حوالے سے پولیس ایس ایچ اوزکا کردار انتہائی اہم ہے۔پولیس بچوں کی حفاظت کے لئے ہر اول دستہ ہے جو بنیادی سطح پر بچوں کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس لیکچر کا مقصد ایس ایچ اوز کو بچوں سے متعلقہ قوانین اور چائلڈ پروٹیکشن کے کردار کے حوالے سے ضروری آگاہی دینا ہے۔چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیورو اور پولیس مل کر بچوں کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں پر تشدد اور زیادتی کے واقعات کی روک تھام کیلئے پولیس کا کردارسب سے اہم ہے۔ اس حوالے سے لاہور کے تھانوں میں تعینات ایس ایچ اوز کی ٹریننگ کے بعد پنجاب کے500 ایس ایچ اوز کو لیکچر دیا گیا ہے تاکہ پنجاب کو چائلڈ فرینڈلی صوبہ بنایا جاسکے۔

سارہ احمد نے کہا کہ ٹریننگ کی بدولت بچوں سے زیادتی اور تشدد کے کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھا جاسکے گا۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئربیورو اور پولیس مل کر بچوں کو تحفظ فراہم کرنے اور فوری مدد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ سارہ احمد نے شرکا کی جانب سے بچوں کے حوالے سے کئے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔

اس موقع پر کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ ڈی آئی جی اشفاق احمد اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔ کمانڈنٹ پولیس کالج اشفاق احمد نے شرکا کو بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔