لاہور (لاہورنامہ)لاہور جنرل ہسپتال کے زیر اہتمام سیشن کورٹ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں میڈیکل سرجری ، ای این ٹی ، آرتھو پیڈک، امراض چشم اور سکن سمیت 12 مختلف شعبوں کے ڈاکٹرز نے 400سے زائد افراد کا طبی معائنہ کیا اور انہیں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں.
میڈیکل چیک اپ کروانے والوں میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور محمد تنویر اکبر کے علاوہ معززججز صاحبان اور عدالتی عملہ شامل تھا اور موقع پر بہت سے مریضوں کے کلینیکل ٹیسٹ کیے گئے جبکہ آنکھوں کے علاوہ ناک ، کان اور گلے کا معائنہ بھی کیا گیا ۔
اس موقع پر پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیرالدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ” ایل جی ایچ آؤٹ ریچ پروگرام” کے تحت مختلف اداروں میں میڈیکل کیمپ لگا کر عوام کو علاج معالجے کی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہم کر رہا ہے تاکہ لوگوں کو نہ صرف علاج معالجے کی سہولیات با آسانی مل سکیں.
بلکہ عوام میں اپنی صحت سے متعلق شعور بھی اجاگر کیا جائے اور وہ خود کو صحت مند رکھنے کیلئے ضروری احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہو سکیں ۔ پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ عدلیہ سے وابستہ ججز ،وکلاء صاحبان اور عملے کے اوقات کار بہت مصروف گزرتے ہیں ، اُن کے لئے ہسپتال کے چکرلگانا انتہائی مشکل ہوتا ہے اوراس ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے سیشن کورٹ میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ عدالت میں فرائض سر انجام دینے والے افراد موقع پر موجود سہولیات سے استفادہ کر سکیں ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور محمد تنویر اکبر نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ایل جی ایچ میڈیکل کیمپ کا انعقاد انتہائی معقول اقدام ہے جس سے سینکڑوں افراد نے فائدہ اٹھایا اور میڈیکل شعبہ و عدلیہ کے درمیان ایک خوشگوارباہمی رابطے کا آغاز میڈیکل کیمپ کی شکل میںہوا جس کو مزید آگے بڑھایا جائے گا اور ایسے کیمپوں کے انعقادکیلئے عدلیہ سے وابستہ افراد ایل جی ایچ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کریں گے ۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر اور ڈاکٹرز کی ٹیم کا میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور آئندہ بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا جبکہ پرنسپل اے ایم سی کالج کو گلدستہ بھی پیش کیا ۔
اس موقع پر میڈیکل کیمپ کے کو آرڈی نیٹر ڈاکٹر مسعود اختر شیخ نے اس میڈیکل کیمپ کے انعقاد کو بڑی کامیابی قرار دیا اور کہا کہ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے پی جی ایم آئی ،اے ایم سی ، ایل جی ایچ کا نقشہ ہی بدل گیا ہے اور وہ آئندہ بھی ایسے ہی کامیابیاں حاصل کرتے رہیں گے۔