بیجنگ (لاہورنامہ) ٹوکیو میں چین اور جاپان کی وزارت خارجہ کے ایشیائی محکموں کے ڈائریکٹرز کی مشاورت ہوئی۔اس حوالے سے پیر کے روز چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگ نے یومیہ پریس کانفرنس میں کہا کہ وزارت خارجہ کے ایشیائی شعبہ کے ڈائریکٹر لیو جن سونگ نے ٹوکیو میں جاپانی وزارت خارجہ کے امور ایشیا اور اوشینا کے محکمے کے ڈائریکٹر تاکی ہیرو فناکوشی کے ساتھ سال کی تیسری ورکنگ مشاورت کی۔
مشاورت پرخلوص ماحول میں ہوئی اور اس میں اختلافات کے ساتھ اتفاق رائےبھی رہا۔ چینی فریق نے جاپان کی جانب سے فوکوشیما کے جوہری آلودہ پانی کو سمندر میں خارج کرنے کے معاملے پر اپنے پختہ موقف اور سخت مخالفت کو واضح کیا اور جاپانی فریق پر زور دیا کہ وہ اس حوالے سے جلد بازی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ نہ کرے ۔
دونوں فریقوں کا خیال ہے کہ چین اور جاپان کو باہمی امن اور دوستی کے معاہدے پر دستخط کی 45 ویں سالگرہ کے موقع پر ہر سطح پر رابطوں کو برقرار رکھنا چاہیئے اور عملی تعاون اور عوامی ثقافتی تبادلوں کو مضبوط بنانا چاہئے۔ فریقین نے مشترکہ دلچسپی کے بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشاورت کے اس میکانزم کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔