عبدالعلیم خان

انشا اللہ کشمیر جلد ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوگا،عبدالعلیم خان

لاہور (لاہورنامہ) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے یوم استحصال کشمیر پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہر لمحہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ کھڑا ہے، انشا اللہ کشمیر جلد ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ 5اگست کا دن یومِ استحصال کشمیر ہمیں اس سانحہ کی یاد دلاتا ہے جو بھارت نے کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر کے برپا کیا ، ہم کشمیریوں کے ساتھ ملکر اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان ہر لمحہ اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ آزادی کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ انشا اللہ کشمیر جلد ہندوستان کے غاصبانہ قبضے سے آزاد ہوگااور انہیں آزادی کی صبح دیکھنا نصیب ہوگی۔استحکام پاکستان پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر، بھارتی غنڈہ گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اگر بھارت ”کشمیر کشمیریوں کا”نہیں مانتا تو انسانی حقوق کی بات کیسے کر سکتا ہے؟ پاکستان اور کشمیر، گھر کے دو حصے ہیں۔ کشمیر کا دکھ پاکستان کا دکھ، ان کی آزادی ہماری بقیہ آزادی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے نرمی کی توقع نہیں ہے لیکن ہم ہمیشہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی آواز بلند کریں گے۔

کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور ہم ان کے لیے قوت مدافعت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یوم استحصال بھارت کی غاصبانہ سوچ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ آج کے دن بھارت نے ایک اور انسانیت کش قانون آرٹیکل 370پاس کیا، جس نے کشمیریوں کو اپنے گھروں اور جائیدادوں سے بے گھر کر دیا۔

بھارت کی حکومت کا کردار ہمیشہ قبضہ مافیا جیسا رہا ہے۔فردوس عاشق اعوان نے اپنی ٹوئٹ کے ساتھ یوم استحصال کشمیر، کشمیر کا حق خود ارادیت اور کشمیر بن کررہیگا پاکستان کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے ۔