شاہ محمود قریشی

تمام اداروں سے درخواست کروں گا کہ ملک کا سوچیں،شاہ محمود قریشی

لاہور (لاہورنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام اداروں سے درخواست ہے ملک کا سوچیں، ملک کو مایوسی اور معاشی بحران سے نکالنے کا واحد راستہ نئے اور شفاف انتخابات ہیں.

چیئرمین پی ٹی آئی ہی پارٹی چیئرمین ہیں اور رہیں گے، جیل میں وکلا کے ذریعے چیئرمین سے رابطہ ہو گا تو رہنمائی لیتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کے حوالے سے سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موجود ہے،تمام اداروں سے درخواست ہے ملک کا سوچیں۔

انہوں نے کہا کہ مشاورت سنت بھی ہے، اس میں برکت بھی ہے اور یہ جمہوریت بھی ہے۔مگر نگراں حکومت کے حوالے سے ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ راجہ ریاض من پسند اپوزیشن لیڈر ہیں، وہ ایک ہی جان اور دو قالب ہیں، نگران وزیراعظم کا فیصلہ لندن سے آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانہ کیس کے فیصلے میں کافی قانونی سقم ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے جو فیصلہ آیا اس پر بہت تحفظات ہیں۔ اس فیصلے کے معطل ہونے کے امکان موجود ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں فیصلے کے خلاف اپیل میں انصاف ملے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم نے تمام سیاسی معاملات پر نظر رکھنی ہے اور سب نے مل کر فیصلہ کرنا ہے۔ مردم شماری کے رزلٹ جو مئی میں آ چکے تھے تو تمام کام کیوں نہیں کیا۔ کیا یہ سب الیکشن کو ملتوی کرنے کی حکمت عملی تو نہیں ہے،حکومتی حلیف بی این پی مینگل نے مردم شماری کو مسترد کیا،

سپریم کورٹ بار نے اسے عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے، ملک کو معاشی اور سیاسی عدم استحکام سے باہر نکالنے کا واحد راستہ شفاف انتخابات ہیں۔انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ فیصلے آئین اور قانون کے مطابق ہوتے ہیں، جو فیصلہ آیا ہے اسے ہم چیلنج کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، امید ہے انصاف ملے گا ۔