لاہور (لاہورنامہ)زندگی میں نکھار اور خود کو اللہ تعالی کے احکامات کے تابع کرنے کے لئے قرآن پاک کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا انتہائی ضروری ہے۔
جب تک ہر شہری کو زندگی کی بنیادی سہولیات نہیں مل جاتیں قیام پاکستان کے مقاصد پورے نہیں ہوں گے۔آئیں یوم آزادی کے موقع پر وطن عزیز کی خوشحالی ،ترقی اور امن کے لئے دعااور جدوجہد کرنے کا عہد کریں۔
اس امر کا اظہار الخدمت قرآن فائونڈیشن پنجاب سوسائٹی میں سمر کورس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الخدمت فائونڈیشن ویمن ونگ ٹرسٹ کی جنرل مینیجر زرافشاں فرحین ،اساتذہ اور دیگر مقررین نے کیا۔اس موقع پر سمر کورس کی تکمیل کرنے والی خواتین اور میٹرک کے امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والی طالبات میں اسناد اور تحائف تقسیم کئے گئے ۔
سمر کورس میں دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ یوگا ٹپس،اخلاقی تربیت،غسل میت اور دیگر موضوعات پر لیکچرز اور ورکشاپس شامل تھیں ۔زرافشاں فرحین نے کہا کہ اس وقت عوام اور ملک شدید معاشی بحران سے گزر رہے ہیں ۔یوم آزادی کے موقع پر وطن عزیز کو خوشحال اور امن کا گہوارہ بنانے کے لئے ہمیں انتھک جدوجہد کرنے کا عزم کرنا ہوگا۔