اسلام آباد (لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امید ہے انوار الحق بطور نگراں وزیراعظم شفاف الیکشن کرانے میں کردار ادا کریں گے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم کے مشاورتی عمل میں تحریک انصاف کو شامل نہیں کیا گیا، عوام اور پی ٹی آئی کو انوار الحق کاکڑ سے توقعات ہیں۔انھوں نے کہا کہ انوار الحق کاکڑ کو بہت بڑی ذمہ داری ملی ہے، اگر انہوں نے آئینی ذمہ داریاں نبھائیں تو حمایت کریں گے، 90روز میں انتخابات کرانا آئینی ضرورت ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ امید ہے نگراں وزیراعظم کا جھکاؤ کسی کی طرف نہیں ہوگا، امید ہے وہ اسیر کارکنوں کی رہائی کا حکم دیں گے، اور صوبوں میں پولیس کو اپنا رویہ بہتر کرنے کی ہدایت دیں گے۔