سیاحوں کی سہولت

پنجاب میں سیاحوں کی سہولت کے لیے4 نئی بسوں کا اضافہ

لاہور(لاہورامہ) محکمہ سیاحت پنجاب اور ٹی ڈی سی پی کی جانب سے سیاحوں کے لیے خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پنجاب میں سیاحوں کی سہولت کے لیے چارنئی بسیں چلیں گی۔

نگران وزیربرائے اطلاعات اور سیاحت عامرمیرنے 4 نئی بسوں کا افتتاح کردیا۔بسیں لاہور ٹی ڈی سی پی کے سیلزاورٹوورپروموشن ونگ کے زیراستعمال ہوں گی۔وزیرسیاحت عامرمیرکا کہنا ہے کہ نئی بسوں کی شمولیت سے پنجاب میں سیاحت کو فروغ ملے گا،اب پنجاب کے مختلف تاریخی مقامات کی سیرکے لئے سیاحوں کومزید سہولت ملے گی۔

وزیرسیاحت کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل قریب میں مزید بسیں لا کرانہیں مری، پتریاٹا اوردیگر تفریحی مقامات پر چلایا جائے گا۔ لاہور میں پہلے بھی 3 بسیں موجود ہیں، اب ان کی کل تعداد سات ہو جائے گی۔

عامر میر نے کہا کہ عوام اب شہرکے سیاحتی مقامات کی سیر بہترطورپرکرسکیں گے،مختلف شہروں میں موسم کی مناسبت سے اے سی اورنان اے سی بسیں چلائی جائیں گی،مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے سکھ یاتریوں کے لیے بھی بسیں چلائی جائیں گی۔ سیاحوں کے لیے 4نئی بسوں میں دو 35 سیٹر جبکہ دو29 سیٹرہیں۔