پاکستان کی مشہور اداکارہ نیلم منیر کی 2 سال پہلے گاڑی میں ڈانس کرنے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس پر انہیں کچھ افراد کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا تھا۔
ماہی وے نامی گانے پر اس وقت اداکارہ نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا تھا مگر اب ایک ٹی وی شو کے دوران اس پر نیلم منیر نے بات کی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو پر اداکارہ اس سے پریشان ہوئیں تو انہوں نے کہا لوگوں کی تنقید سے وہ متاثر نہیں ہوئیں نہ ہی پریشان نہیں ہوئی بلکہ انہوں نے اسے اپنایا کیونکہ اس سے انہیں بہت زیادہ عزت ملی، لوگوں نے اسے بہت پسند کیا اور انہیں پیار دیا۔
جب اس موقع پر موجود دوست کے بارے میں ان سے سوال کیا گیا تو نیلم منیر کا کہنا تھا ‘اس وقت ان کی سہلیاں ان کے ساتھ تھیں مگر اب ان سے دوستی باقی نہیں رہی’۔
جب ان سے پاکستان میں می ٹو تحریک اور انڈسٹری میں جنسی ہراساں کیے جانے کے واقعات پر سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ‘می ٹو نے خواتین کو آگے بڑھایا ہے اور انہیں ہمت دی ہے کہ وہ انڈسٹری میں ہراساں کیے جانے کے خلاف اٹھ کھڑی ہوں’۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس کے خلاف بھی زیادتی ہو، اسے آواز اٹھانی چاہئے، تاہم انہیں اب تک اس کا سامنا نہیں ہوا، اللہ کا شکر ہے کہ میرے ساتھ ایسا نہیں ہوا مگر انڈسٹری میں ایسا رویہ موجود ہے۔
میشا شفیع اور علی ظفر کے تنازع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں جانتی کہ یہ کس حد تک ٹھیک ہے مگر انہوں نے میشا شفیع کو سراہتے ہوئے انہیں بہادر قرار دیا اور ایک لڑکی ہوتے ہوئے میشا شفیع نے اچھا اقدام کیا۔
نیلم منیر نے کہا کہ ایسا کرنے کے لیے بہت زیادہ ہمت چاہئے ہوتی ہے، چاہے ایسا ہوا ہو یا نہیں۔
میزبان کی جانب سے بولی وڈ میں کام کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے جواب دیا کہ انہیں پاکستان میں اتنا سراہا گیا ہے کہ وہ کبھی بھارت جاکر کام کرنا پسند نہیں کریں گی۔
ان کا کہنا تھا ‘مجھے بھارت جاکر کام کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں، مجھے اپنے ملک میں بہت زیادہ محبت ملتی ہے اور مجھے پاکستان پر فخر ہے، میں پاکستان میں پیدا ہوئی اور ہمیشہ یہاں ہی رہوں گی اور کہیں نہیں جاﺅں گی’۔
بھارت جاکر کام کرنے والے پاکستانی فنکاروں کے بارے میں ان کا کہنا تھا ‘جو فنکار وہاں گئے اور کام کیا، وہ ہماری انڈسٹری کے بڑے نام ہیں اور میرا نہیں خیال انہیں کسی قسم کی مفاہمت کی ضرورت نہیں’۔
خیال رہے کہ نیلم منیر نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈل کی حیثیت سے کیا اور پھر ڈراموں سے انہیں شہرت ملی جبکہ گزشتہ سال ڈرامہ سیریل ‘دل موم کا دیا’ میں ان کے کام کو بہت زیادہ سراہا گیا۔
پروگرام کے دوران ایک موقع پر اداکارہ نے مذاق میں کہا کہ ان کا فون ہر وقت سائیلنٹ رہتا ہے کیونکہ ‘رشتے بہت آتے ہیں’۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ہر وقت شادی کی پیشکش ہوتی رہتی ہے اور وہ اتنی زیادہ ہوتی ہیں کہ انہیں بیشتر وقت اپنا فون سائیلنٹ رکھنا پڑتا ہے۔