لاہور (لاہورنامہ) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کا بل ایک ایسا موت کا پروانہ ہے جو ہر گھر میں تھمایا جا رہا ہے۔
13قسم کے ٹیکسز کے ذریعے ہر مہینے ڈاکہ غریب عوام کی جیبوں پر ڈالا جا رہا ہے۔پور ے ملک میں بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف صدائے احتجاج بلند ہو رہی ہے۔صرف غریب آدمی ہی نہیں بلکہ مڈل کلاس سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان ہے۔ جماعت اسلامی نے یہ طے کیا ہے کہ اس ظلم کے خلاف خاموش نہیں رہیں گے۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر 2ستمبر کو ملک گیر ہڑتال ہو گی۔ عوام ہمارا ساتھ دیں،ہم اس ظلم اور استحصالی نظام کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں واپڈا اہلکاروں کو عوام کے میٹرز نہیں کاٹنے دیں گے۔ ہم عوام کا تحفظ کریں گے۔
ہڑتال کے حوالے سے جماعت اسلامی سول سوسائٹی کے تمام طبقات سے رابطہ کرے گی، تاجروں سے، کسانوں سے، ٹرانسپورٹروں سے،ڈاکٹروں سے رابطہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علما اکرام سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ یکم ستمبر کو اپنے خطبات جمعہ میں 2ستمبر کی ہڑتال میں شرکت کی کی اپیل کریں۔
انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ ظلم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ اس کو روکا جائے گا۔جماعت اسلامی غریب عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے میدان عمل میں موجود ہے۔ اگر حکمرانوں نے 2ستمبر کی ہڑتال کے بجلی کے بلوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو امیر جماعت اسلامی سراج الحق آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملکی معاشی حالات میں بہتری نہ آنے سے تاجر صنعت کار شدید بحران کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ 24کروڑعوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے،مہنگائی،بے روزگاری اور کرپشن و لوٹ مار نے قوم کو بد حال کر دیا ہے.
اقتصادی بحران جنم لے رہا ہے اگر حالات پر قابو نہ پایا گیا تو معیشت کو سنبھالنا مشکل ترین ہو جائے گا۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں کی کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔وقت آگیا ہے کہ ان کو مسترد کیا جائے۔