یونیورسٹی آف سرگودھا

یونیورسٹی آف سرگودھا کواکڈیمک ایکسی لینس ایوارڈ2023سے نوازا گیا

سرگودھا (لاہورنامہ) عالمی درجہ بندی میں بہترین کارکردگی پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کواکڈیمک ایکسی لینس ایوارڈ2023سے نواز دیا۔

اکڈیمک ایکسی لینس ایوارڈ کی تقریب ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹیز کی جانب سے گورنر ہاؤس لاہور میں منعقد کی گئی جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر اور چیئرمین ایپ سیپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن بھی موجود تھے۔

یہ تقریب ان جامعات کے اعزاز میں منعقد کی گئی کہ جنہوں نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن اور کیو ایس رینکنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرا کیا اور عالمی افق پر پاکستان کا نام روشن کیا۔ یونیورسٹی آف سرگودھا نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کی قیادت میں ٹائمز ہائر ایجوکیشن اور کیو ایس رینکنگ میں بہترین درجہ بندی حاصل کی ہے جس کی وجہ سے انہیں اکڈیمک ایکسی لینس ایوارڈ2023سے نوازا گیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس سمیت ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر وائس چانسلرز کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ جامعات مستقبل قریب میں عالمی افق پر مزید کامیابیوں سے ہمکنار ہوں گی۔