سائفر کیس

توشہ خانہ سے رہا، سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع

اٹک(لاہورنامہ)سائفر کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کردی گئی۔

سابق وزیراعظم کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں ہوئی۔آفیشل سیکرٹ ایکٹ عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوئے۔

ذرائع کے مطابق وکیل سلمان صفدر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت بعد از گرفتاری دائر کردی ۔اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم 5 وکلا پر مشتمل ہے جس میں نعیم پنجوتھا، سلمان صفدر، انتظار پنجوتھا، علی اعجاز بٹر اور عمیر نیازی شامل ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں اپیل کے فیصلے تک ٹرائل کورٹ کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کر کے چیئرمین پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا تاہم سائفر کیس میں ایف آئی اے سابق وزیراعظم کی باضابطہ گرفتاری عمل میں لا چکی ہے ۔