یوم دفاعِ پاکستان

یو ایم ٹی میں یوم دفاعِ پاکستان کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

لاہور (لاہورنامہ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) میں یوم دفاعِ پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا۔ تقریب کا آغاز پرچم کشائی اور قومی ترانہ بجانے سے ہوا۔ اس موقع پر ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، ڈائریکٹر جنرل یو ایم ٹی پروفیسر عابد شیروانی اور رجسٹرار سلیم عطا سمیت دیگر سٹاف نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی یو ایم ٹی پروفیسر عابد شیروانی نے کہا کہ ہر سال 6 ستمبر کا دن ہمیں مادر وطن کے تحفظ کے لیے ہماری مسلح افواج کی بے مثال بہادری، جذبے اور قربانیوں کے قیمتی لمحات و واقعات کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ مردِ مومن کے ناقابل تسخیر جذبے کی گواہ ہے ، جس کی کوئی قیمت نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کے ہر فرد کو پاکستان کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

عابد شیروانی نے کہا کہ ہم دھرتی کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے دفاعِ پاکستان میں اپنی قیمتی جانوں کے نظرانے پیش کیے۔ ہم شہدا کے خاندانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کی خاطر اپنے پیاروں کی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ سے التماس کرتا ہوں کہ اللہ کے حضور ہاتھ اٹھائیں اور ہمارے شہدائ، غازیوں اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کریں۔

ڈی جی یو ایم ٹی کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ یہ ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے اور ہماری مسلح افواج کے ساتھ ساتھ اللہ کی پاک ذات ہما ری سب سے بڑی محافظ ہے۔ ہمارا اجتماعی فرض ہے کہ ہم اپنی سرزمین کو خوشحال اور مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔