پاک فوج کے شہداء

پاک فوج کے شہداء اور غازی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، مجید غوری

لاہور(لاہورنامہ) عوامی رکشہ یونین پاکستان کے مرکزی چیئرمین مجید غوری نے کہاہے کہ پاک فوج کے شہداء اور غازی ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔

1965میں جس طرح قوم نے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے دشمن کو عبرت ناک شکست دی تھی۔اسی طرح پاکستان کا بچہ بچہ اب بھی افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفاع پاکستان کے حوالے سے نکالی گئی ریلی کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔مجید غوری کا کہنا تھاکہ سابقہ وزیروں کے گھروں سے ملک کے لوٹے ہوئے کھربوں روپے نکل رہے ہیں۔

پاک فوج تما م وزیروں ، مشیروں اور افسر شاہی کی تلاشی لے اور ملک و قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس خزانے میں جمع کروا کر ملک کا قرض اتارا جائے اور کرپشن کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے۔جن سیاستدانوں کی نیشنلٹی دوسرے ملکو ں کی بھی ہے ، ان کی جائیدادیں اور بچے باہر ہیں ان پر پاکستان میں سیاست کرنے پر پابندی لگائی جائے۔

پاکستان کا حکمران وہی بنے جس کا جینا مرنا پاکستان میں اور پاکستان کے لئے ہو۔ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ہمارے دیگر سائنسدانوں نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔اب پاکستان کو باہر سے کوئی خطرہ نہیں۔ خطرہ ہے تو اندر سے ہے۔

ہمارا پاک فوج سے مطالبہ ہے کہ جس طرح وہ سرحدوں کا دفاع کرتے ہیں اسی طرح ملکی معیشت پر ہونے والے کرپشن کے حملوں کا بھی دفاع کریں۔ہمارے ملک کو کرپشن دیمک کی طرح اندر ہی اندر کھا رہی ہے۔نعمتوں سے مالا مال ملک پوری دنیا کا مقروض اور سب سے مہنگا ملک بن چکا ہے۔

پاکستان میں جتنے بھی حکمران آئے سب نے دوسرے ملکوں اور آئی ایم ایف سے قرض لئے ہیں اور ان قرضوں کو اتارنے کے لئے عوام سے قربانی مانگی ہے۔اورعوام نے قربانی دی ہے بھاری بھرکم ٹیکسوں کے بوجھ کو ملک کی خاطر آج تک برداشت کرتے آئے ہیں۔لیکن ملک کا قرض اترنے کی بجائے بڑھتا ہی چلا جارہا ہے۔اب قوم جاگ چکی ہے اور حکمرانوں سے قربانی مانگ رہی ہے۔