لاہور(لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے. مختلف شعبوں خصوصا آئی ٹی سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، مس فریحہ یونس، شمیم اختر، میاں جبار خالد،خادم حسین، محمد فہیم یوسف، راجہ حسان اختر، عمر داد افریدی اور شاہد خلیل بھی موجود تھے۔
صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ معذور افراد کی بحالی، چھاتی کے سرطان، ذہنی امراضں میں مبتلا افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے اور بچوں کی تعلیم کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ان مسائل پر قابو پانے کیلئے آگاہی سیشنر اور سیمینارز منعقد کئے جائیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ذہنی اور نفسیاتی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی امراض سے نمٹنے کیلئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، گھر سے لے کر کام والی جگہوں پر ٹریننگ کا خصوصی بندوبست ہونا چاہیے تاکہ ایسے افراد کو اس مرض سے بچا ئوکے لیے اگاہی دی جا سکے۔
تعلیم کے حوالے سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں جن کیلئے ہزاروں سکولوں کی ضرورت ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سکولوں میں شفٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ مساجد میں بچوں کو پڑھانے کا انتظام کیا جائے۔
انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کام کی جگہوں پر خواتین کی تعداد میں اضافہ کریں ، معیشت کے مختلف شعبوں میں 35 فیصد خواتین کی نمائندگی بہت ضروری ہے تاکہ ملکی ترقی میں خواتین اپنا کردار ادا کر سکیں۔
صدر مملکت کو بتایا گیا کہ لاہور چیمبر کے 32 ہزار ممبران ہیں اور 25 فیصد خواتین کو ملازمت کی فراہمی کا ہدف پورا کر لیا ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کی انفرادی کاوشوں سے بڑی تعداد میں بچوں کو اسکولوں میں بھیجا جا سکتا ہے۔
منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی بحالی کیلئے بھی انفرادی اور اجتماعی سطح پر کاوشوں کی ضرورت ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے صدر مملکت کو بتایا کہ لاہور چیمبر کے زیرانتظام خصوصی افراد کی بحالی کیلئے لیبارڈ کے نام سے ایک ادارہ کا کر رہا ہے جس کے ذریعے ایک لاکھ افراد کو مصنوعی الات فرہم کئے جا چکے ہیں ۔