لاہور(لاہورنامہ)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں علی الصبح ہونے والی موسلادھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا، بارش کے باعث نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے.
لیسکو کے 102فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کا نظام معطل ہو گیا جسے مرحلہ وار بحال کیا جاتا رہا ،بارش کی وجہ سے تعلیمی اداروں اور سرکاری محکموں میں حاضری کم رہی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روزعلی الصبح بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا ۔
صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقے لکشمی چوک، ایبٹ روڈ، گلبرگ، جیل روڈ، گارڈن ٹائون ،کاہنہ ، چونگی امرسدھو، قینچی، تاجپورہ، والٹن، فیروز پور روڈ، ریلوے سٹیشن، شاہدرہ، اچھرہ میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا۔مغلپورہ، مصطفی آباد، نیلا گنبد، کوئنز روڈ، سمن آباد، راج گڑھ، شاد باغ، جلو پارک، محمود بوٹی، گڑھی شاہو، قلعہ گجر سنگھ سمیت دیگر مقامات پر بھی بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ۔
علی الصبح شروع ہونے والی بارش کی وجہ سے طلباء کی اکثریت سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیز میں نہ پہنچ سکے جبکہ سرکاری محکموں میں بھی ملازمین کی حاضری کم رہی ۔ موسلا دھار بارش کی وجہ سے لیسکو ریجن میں 102فیڈرز ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کا ترسیلی نظام بری طرح متاثر ہوا ۔
لیسکو کے فیلڈ عملے کی جانب سے مرحلہ وار بجلی بحال کی جاتی رہی ۔علاوہ ازیں کاہنہ، اوکاڑہ، دیپالپور، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، پتوکی، ساہیوال، کامونکی، میانوالی، منڈی بہائوالدین، نارووال اور پسرور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ 20 ستمبر تک جاری رہے گا۔