لاہور (لاہورنامہ) ڈیپارٹمنٹ آف پولیمر اینڈ پراسیس انجینئرنگ، یو ای ٹی لاہور کے زیر اہتمام ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ سیمینار ہال میں "پولیمر شیٹ ایکسٹروژن: میٹریلز اینڈ ٹیکنالوجی” کے موضوع پر سیمینار منعقد کیا گیا ۔
مسٹر اردجان ہوٹیکامر ٹیکنیکل ڈائریکٹر میف مشینز نیدرلینڈ سے مہمان خصوصی مقرر تھے۔ جنہوں نے پلاسٹک کے اخراج کی مشینری پر خطاب کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر، چیئرمین، شعبہ پولیمر اینڈ پروسیس انجینئرنگ، یو ای ٹی لاہور سیمینار کے میزبان تھے اور انہوں نے اخراج کے مواد کے امکانات کے بارے میں بات کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر، یو ای ٹی لاہور، پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن، ڈین فیکلٹی آف کیمیکل انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان، مسٹر راجہ عمر نواز سی ای او آر او این ایکسٹروشن انجینئرنگ، اور پولیمر انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے انجینئرز اور پیشہ ور افراد نے شرکت کی۔
سیمینار میں وائس چانسلر نے غیر ملکی اور صنعتی مندوبین کا خیرمقدم کیا جنہوں نے انڈسٹری اور اکیڈمیا کے مضبوط روابط پر زور دیا اور ان روابط کو مضبوط بنانے میں پولیمر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین اور فیکلٹی کی کوششوں کو سراہا۔ گفتگو کے بعد سوال و جواب کا سیشن ہوا اور تقریب کا اختتام سووینئر کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔