ڈاکٹر خالد محمود

سیاحت کے فروغ کیلئے صاف ستھرا، پر امن ماحول ضروری ہے،ڈاکٹر خالد محمود

لاہور( لاہورنامہ)وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودنے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے صاف ستھرا ، سرسبز اور پر امن ماحول ضروری ہے ۔

وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے زیر اہتما م سیاحت کے عالمی دن پر آگاہی واک، سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر کالج پرنسپل پروفیسرڈاکٹر ساجد رشید احمد، ڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ ٹیکنالوجی عابد حسین شیروانی، فیکلٹی ممبران اور طلبائوطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ انسان سفر کرنے سے مختلف کلچر اور رہن سہن کے طریقے سیکھ کر اپنے ماحول کو بہتر بناسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کو خراب کرنے کا کام انسانوں نے کیا اور اچھی بات ہے کہ اسے ٹھیک کرنے کے لئے طلباء آگاہی فراہم کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کئی ممالک کی معیشت کا بڑا حصہ سیاحت سے جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز کے طلباء ڈاکٹر ساجد رشید کی قیادت میںسیاحت کو فروغ دینے لئے سفیر کا کردار ادا کریں گے۔

ڈاکٹر ساجد رشید نے کہا کہ ملک میں سیاحت کے فروغ دینے کیلئے ماحول کو خوشگوار اور سرسبز بنانا سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ انوائرنمنٹل سائنسز صاف ستھرے ، پرامن اور خوشگوار ماحول کیلئے طلباء کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔

اس موقع پر طلباء کی جانب سے سیاحت اور ماحولیات کے حوالے سے آگاہی سٹالز بھی لگائے گئے ۔ بعد ازاں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود کی قیادت میں آگاہی واک منعقد ہوئی۔