اقوام متحدہ (لاہورنامہ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کمیٹی نے "بیرونی خلا میں اسلحے کی دوڑ کو روکنے کے لئے مزید عملی اقدامات” جیسی قراردادوں کو منظور کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ بین الاقوامی برادری کو بیرونی خلا میں ہتھیاروں کی دوڑ کو روکنے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئیں،
بیرونی خلا کے پرامن استعمال اور دریافت کو فروغ دینا چاہئے، اور بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے لئے مل کر کام کرنا چاہئے. یہ مسلسل ساتواں سال ہے جب چین کے پیش کردہ انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کے تصور کو تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی سے متعلق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی کمیٹی کی متعلقہ قراردادوں میں شامل کیا گیا ہے۔
بدھ کے روز تخفیف اسلحہ کے لیے چین کے سفیر شین جیان نےاجلاس میں اپنی تقریر میں نشاندہی کی کہ بیرونی خلا کے میدان میں انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کے تصور پر عمل کرنا ایک پرامن، محفوظ، کھلے اور تعاون پر مبنی بیرونی خلا کو برقرار رکھنے اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے ضروری ہے تاکہ تمام انسانیت بیرونی خلائی سلامتی اور ترقی کے فوائد میں شریک ہو ں۔
شین جیان نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کمیٹی نے ایک بار پھر متعلقہ قراردادیں منظور کی ہیں جو بیرونی خلا میں اسلحے کی دوڑ کو روکنے اور بیرونی خلا میں دیرپا امن و سلامتی برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی برادری کی نیک خواہشات کی مکمل عکاسی کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین تمام فریقوں پر زور دیتا ہے کہ وہ حقیقی کثیر الجہتی کو برقرار رکھیں اور بیرونی خلا کے میدان میں انسانیت کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کو فروغ دیں۔