ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت

سی سی پی او کی زیر ِ صدارت ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

لاہور (لاہورنامہ) سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی زیر ِ ِ صدارت کیپٹل سٹی پولیس آفس میں ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

جس میں جاری ترقیاتی سکیموں اور فلاحی منصوبوں کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی (آپریشنز) سید علی ناصر رضوی اورایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر نے اجلاس کو جاری ترقیاتی سکیموں بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں نئے تھانوں کی تعمیر،اسپیشل انیشیٹوپولیس اسٹیشنز کی تعمیر ومرمت، پولیس سٹیشنز کو کرایہ کی بلڈنگز میں شفٹ کرنے اورپولیس سٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس کوسپیشل انیشیٹو پولیس اسٹیشنزپروگرام کے تحت 50تھانوں کی تکمیل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے بھاٹی گیٹ پولیس سٹیشن کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت زیر َتکمیل ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد فنکشنل کرنے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کی آبادی کے تناسب سے مزید تھانے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تھانوں کو جدید وسائل اور سہولیات کی فراہمی سے پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔

بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق لاہور کے تھانوں کو سٹیٹ آف دی آرٹ ماڈرن پولیس سٹیشنز میں تبدیل کیا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات ہر صورت پولیس سٹیشنز آنے والے شہریوں تک پہنچنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیشل انیشئیٹو پولیس اسٹیشنزکو جدید آئیڈیاز کے مطابق اپ گریڈ کرنے کا مقصد شہریوں کو بہتر اور بروقت سہولیات فراہم کرناہے۔

سی سی پی او لاہورنے ہدایت کی کہ تھانوں میں تعینات عملہ پبلک ڈیلنگ کے دوران ہمدردانہ رویہ اپنائے اور سائلین کو ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی (آپریشنز) سید علی ناصر رضوی، ایس ایس پی (ایڈمن) عاطف نذیراورایس ایس پی(انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری نے شرکت کی۔