سیرین ایئر لائنز

پاکستان کی سیرین ایئر لائنز کا چین کے لئے اپنی پروازوں کا آغاز

اسلام آ باد (لاہورنامہ) پاکستان کی نجی ایئر لائن ، سیرین ایئر لائنز نے چین کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کر دیا ہے۔اتوار کے روز پرواز کراچی سےروانہ ہو کر اسلام آباد میں رکتے ہوئے بیجنگ کے ڈاکسنگ ایئرپورٹ تک پہنچی جہاں ایک بھرپور استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی ایئر مارشل (ر) فرحت حسین خان نے اس فلائٹ آپریشن کے آغاز کو رابطے، سفر اور سیاحت کے ذریعے چین- پاک تعلقات کو آگے بڑھانے میں ایک اور سنگ میل قرار دیا ۔ ان کاکہنا تھا کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کو سفری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار ہوتا ہے۔

اس موقع پر چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ نجی شعبے کی جانب سے ایئر لائن سروسز کے آغاز سے نہ صرف پاکستان اور چین کے درمیان فضائی پل مضبوط ہوگا بلکہ سرمایہ کاری، تجارت، سفر اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

خلیل ہاشمی نے مزید کہا کہ نیا روٹ دونوں ممالک کے درمیان کاروبار، سیاحت اور ثقافتی تبادلے میں اضافے کی سہولت فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے علاوہ فضائی رابطوں میں اضافے کا مقصد سیاحت کے شعبے کی ترقی میں کردار ادا کرنا بھی ہے۔