صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نائیجریا میں نامزد ہائی کمشنر کی ملاقات

اسلام آباد (لاہورنامہ)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نائیجیریا کے ساتھ تجارتی اور ثقافتی تعلقات بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ نائیجیریا افریقہ کی سب سے بڑی معیشت ہے ، دونوں ممالک کے باہمی فائدے کیلئے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانا ہوگا۔

ایوان صدر سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر عارف علوی سے نائجیریا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر میجر جنرل (ریٹائرڈ ) سہیل احمد خان نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے کہاکہ نائیجیریا کے ساتھ تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعاون مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے ، دونوں ممالک کے باہمی فائدے کیلئے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھانا ہوگا۔

صدر مملکت نے کہاکہ نائیجیریا افریقہ کی سب سے بڑی معیشت ہے ، پاکستان کو نائیجیریا کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات بہتر بنانے کے مواقع تلاش کرنے چاہئیں۔

صدر مملکت نے کہاکہ اقتصادی سفارت کاری پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی حصہ ہے ، نامزد ہائی کمشنر ثقافتی اور عوامی روابط کو فروغ دینے کے لیے کام کریں ۔

صدر مملکت نے میجر جنرل (ریٹائرڈ ) سہیل احمد خان کو نائجیریا میں تقرری پر مبارکباد دی ۔امید ہے کہ نامزد ہائی کمشنر نائیجیریا کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات مزید فروغ دینے کیلئے کام کریں گے۔