کینو کے سبز پن کا مربوط تدارک

ایک روزہ انٹرنیشنل سیمینار بعنوان ”کینو کے سبز پن کا مربوط تدارک منعقد ہوا

سرگودھا(لاہورنامہ) شعبہ پلانٹ پتھالوجی کالج آف ایگری کلچر یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیر اہتمام ایک روزہ انٹرنیشنل سیمینار بعنوان ”کینو کے سبز پن کا مربوط تدارک، پودوں کی مدافعیت کے تناظر میں“ منعقد ہوا۔

سیمینار سے شعبہ پلانٹ پتھالوجی نین جنگ ایگری کلچر یونیورسٹی چائینہ کے پروفیسر ڈاکٹر ہانگ وئی چاؤ نے اساتذہ، محققین اور طلباء و طالبات سے خصوصی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف ایگری کلچر پروفیسر ڈاکٹر اطہر ندیم، چیئرمین شعبہ پلانٹ پتھالوجی پروفیسر ڈاکٹر عثمان غضنفر اور شعبہ سوئل سائنسز کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد اشرف بھی موجود تھے۔

غیرمعمولی نوعیت کے اس بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ہانگ وئی چاؤ نے کہا کہ پودوں بالخصوص سٹرس کی بیماریوں کو ابتداء ہی سے قابو کرلینا اور جانچ لینا ہی زیادہ پیداوار کا حل ہے۔ سٹرس کی گرافٹنگ اور نشونما کے بعد سب سے پہلا مرحلہ ارد گرد کے ماحول کو چانچنا اور موسمی اثرات کے ساتھ انہیں بیماریوں سے بچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹرس ایک اہم زرعی پیداوار ہے اور اس میں ابتداء ہی سے بیکٹیریا اور دیگر بیماریوں کے حملے کا امکان ہوتا ہے اور اگر اس کی باقاعدہ علاج کیا جائے تو ارد گرد کے دوسرے پودے بھی بچ جاتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر شعبہ پلانٹ پتھالوجی کے طالب علموں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ سرگودھا کے علاقے کی اہم پیداوار سٹرس ہی ہے جس پر آپ توجہ دے کر بہت سا کثیر زرمبادلہ کما سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جن پودوں میں قوت مدافعیت زیادہ ہوتی ہے وہی زیادہ پیداوار دیتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر طالبعلموں کے جذبہ اور ورکنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اپنی علاقائی پیداوار سٹرس پر توجہ سے کام کررہے ہیں اور ان کے اساتذہ نے جو تحقیق پیش کی ہے وہ قابل تعریف اور غیرمعمولی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرگودہا یونیورسٹی پاکستان کی ایک اہم ترین یونیورسٹی ہے جس کے ساتھ ہماری یونیورسٹی نے باقاعدہ کام شروع کردیا ہے اور اس سلسلے میں ہم نے ایک باقاعدہ ایم او یو بھی سائن کیا ہے جس کے مطابق دونوں ادارے آپس میں زرعی معلومات کا تبادلہ، ریسرچ اینڈ ٹیکنالوجی کے پراجیکٹس کو فروغ،طالبعلوں کا آپس میں تبادلہ، سیمینار، ورکشاپ اور کانفرنس کا انعقاد، ای لرننگ اور ورچوئل ٹیچنگ کا اہتمام کریں گے نیز زراعت کی نشونما جن میں اہم ترین زرعی پراڈکٹس چاول اور سٹرس شامل ہیں پر کام کریں گے۔

اس موقع پر شعبہ پلانٹ پتھالوجی کالج آف ایگری کلچر کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عثمان غضنفر نے سیمینار کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج کے سیمینار کا مقصد طلباء و طالبات کو عالمی حوالے سے سٹرس پر ہونے والی تحقیق اور ورکنگ سے آگاہ کرنا تھا اور اس سیمینار کے دور رس نتائج سامنے آئیں گے۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ہانگ وئی چاؤ نے کالج کی نرسریوں، لیبارٹریوں اور دیگر شعبہ جات کا بھی دورہ کیا جنہیں انہوں نے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔