لاہور(لاہورنامہ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنا ہے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور اور یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ فلیحہ زہرہ کاظمی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی کی رکن فریحہ یونس اور سیکرٹری جنرل شاہد خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق لاہور چیمبر اور یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مشترکہ سیمینارز، ورکشاپس اور آگاہی سیشنز منعقد اور مشترکہ تحقیقی منصوبے شروع کریں گے۔
لاہور چیمبر اور یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس فوڈ اینڈ نیوٹریشن، ٹیکسٹائل، فیشن، انٹیرئیر ڈیزائن، فائن آرٹس، آئی ٹی، کمپیوٹر سائنسز، کمیونیکیشن اور ڈیزائن اور دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجیز اور خدمات کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے تعاون کو فروغ دیں گے۔
لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو کاروباری ضروریات سے منسلک کرنا ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ ہاتھ ملانے پر یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کی انتظامیہ کو سراہا۔
انہوں نے مفاہمتی یادداشت میں طے شدہ اہداف اور مقاصد کے حصول کے لیے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ بہت آگے جائے گا اور اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے کہا کہ ایم او یوپر دستخط کا مقصد ریسرچ، ٹریننگ اور ایونٹ آرگنائزیشن میں مشترکہ تعاون کوفروغ دینا ہے۔ یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ فلیحہ زہرہ کاظمی نے امید ظاہر کی کہ ایم او یو کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں اداروں نے تربیت اور ترقی کے حوالے سے مشترکہ اقدامات کے لیے معلومات اور پبلیکیشنز کے کے تبادلے کے لیے زیادہ سے زیادہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔