چین،  6.2 شدت کے زلزلہ

چین،  6.2 شدت کے زلزلہ کے با عث 111 افراد ہلاک 

بیجنگ (لاہورنامہ)چین کے صوبہ گانسو کے لن شیا  پریفیکچر کی جیشان کاؤنٹی میں 6.2 شدت کا زلزلہ آیا, جس کا مرکز  زیر زمین 10 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔

اب تک زلزلے سے گانسو میں 100 اور صوبہ چھیانگ ہائی  میں 11 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور  کچھ علاقوں میں پانی، بجلی، نقل و حمل اور مواصلات سمیت دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔

منگل کے روز چینی نشریاتی ادارے  کے مطابق  زلزلے کے بعد سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے جنرل سیکریٹری، چین کے صدر مملکت اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کرتے ہوئے ہر ممکن سرچ اینڈ ریسکیو، زخمیوں کا بروقت علاج، ہلاکتوں کو کم سے کم کرنے اور ثانوی آفات کی روک تھام پر زور دیا۔

شی جن پھنگ نے کہا کہ  ضرورت اس امر کی ہے کہ ہنگامی اور امدادی سامان کی جلد از جلد تقسیم کا بندوبست کیا جائے، زلزلہ زدہ علاقوں میں بجلی، ٹیلی مواصلات، نقل و حمل اور ہیٹنگ سمیت تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی  جلد مرمت کی جائے، آفت سے متاثرہ افراد کو  محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے ،ان  کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور متاثرین کے خاندانوں کو ہر ممکن تشفی فراہم کی جائے۔

شی جن پھنگ نے مرکزی حکومت کو ہدایات جاری کیں کہ  وہ زلزلہ زدہ علاقوں میں ورکنگ گروپ بھیجے تاکہ زلزلے سے بچاؤ کے کاموں میں رہنمائی کی جا سکے اور مسلح افواج  اور پولیس فورس ہنگامی ریسکیو کے کاموں میں فعال طور پر تعاون کریں  تاکہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے  پوری کوشش کی جائے۔

چینی صدر  شی جن پھنگ اور وزیر اعظم لی کھہ چھیانگ  کی ہدایات پر چین کی ریاستی کونسل نے امدادی کاموں میں رہنمائی کے لیے ایک ورکنگ گروپ آفت زدہ علاقوں  میں بھیجا ہے۔

اب صوبہ گانسو اور صوبہ چھیانگ ہائی میں  ہنگامی ریسکیو کے لیے فورسز کو منظم کیا گیا ہے اور خیمے، فولڈنگ بیڈز اور رضائیوں سمیت امدادی سامان کو فوری طور پر    آفت زدہ علاقوں میں بھیجا  گیا ہے ، اور تمام امدادی کام بھرپور اور منظم انداز میں کیا جا رہا ہے