یورپی یونین

گانسو میں زلزلے کے بعد کئی ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کا چین سے اظہار تعزیت

بیجنگ (لاہورنامہ) 20 دسمبر کو چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے کہا کہ صوبہ گانسو میں زلزلے کے بعد پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی ،روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، کمبوڈیا کے بادشاہ سیہامونی اور دیگر غیر ملکی رہنماؤں نے صدر شی جن پھنگ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور فون اور خط کے ذریعے زلزلے کے متاثرین سے تعزیت کی ۔

ترجمان نے کہا کہ اس کے علاوہ افغانستان، سعودی عرب، اسرائیل، امریکہ، آسٹریلیا، ارجنٹائن اور کئی دیگر ممالک نے بھی مختلف ذرائع سے چین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے جس پر چین دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہے۔
وانگ وین بین نے کہا کہ زلزلے کے بعد صدر شی جن پھنگ نے اہم ہدایات جاری کیں جن میں ہر ممکن سرچ اینڈ ریسکیو، زخمیوں کے بروقت علاج اور متاثرہ افراد کی مناسب آبادکاری پر زور دیا گیا ۔

وزیر اعظم لی چھیانگ نے ہنگامی ریسکیو کے انتظام کے لئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ہدایت کی۔ گزشتہ روز نائب وزیر اعظم ژانگ گو چھنگ کی سربراہی میں اسٹیٹ کونسل کا ایک ورکنگ گروپ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں پہنچا تاکہ امدادی کاموں میں رہنمائی کی جا سکے۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ اس وقت تمام ٹیمیں ہنگامی امدادی کاموں میں مصروف ہیں اور امدادی سامان جیسے کپاس کے خیمے، فولڈنگ بیڈز، رضائیاں اور موسم سرما کے کپڑے فوری طور پر آفت زدہ علاقے میں پہنچا دیے گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امدادی اور دیگر امور بھرپور اور منظم انداز میں جاری ہیں اور یقین ہے کہ ملک کے تمام شعبوں کے مضبوط تعاون سے آفت زدہ علاقوں میں لوگ اس آفت پر قابو پانے میں جلد کامیاب ہو ں گے ۔